ٹرمپ پالیسی امریکا کی نابودی کا سبب بنے گی، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی سازش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ پالیسی امریکا کی نابودی کا سبب بنے گی، بیت المقدس پر صہیونی جارحیت کے خلاف امت مسلمہ فلسطین کے مظلوم قوم کی جانب سے ماضی کی طرح استقامت و مزاحمت کی راہ بدستور جاری رکھے گی اور امریکی حکومت فلسطین کی مظلوم قوم کے حقوق اور تاریخی حقائق کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کا یہ غیر دانشمندانہ اقدام فلسطین کی مظلوم قوم کے تاریخی و مسلمہ حق کو نظرانداز کئے جانے کے علاوہ بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے خلاف یہ اقدام امریکا کیلئے ایک اور کلنگ کا ٹیکہ ہے، جو صیہونی غاضب حکومت کے مفادات کے تحفظ کیلئے عدم استحکام پیدا کرنے کی غرض سے عمل میں لایا گیا ہے۔