پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

عزاداری سید الشھداؑ پر کسی بھی قسم کی پابندی کو قبول نہیں کیا جائے گا، شیعہ رہبر کمیٹی چکوال

شیعہ نیوز: استقبال محرم الحرام اور تحفظ عزاداری کے حوالے سے شیعہ رہبر کمیٹی چکوال کی تحصیل کلرکہار، تحصیل چکوال، تحصیل چوآسیدن شاہ، تحصیل تلہ گنگ اور تحصیل لاوہ کی ذیلی کمیٹیوں کے نمائندگان کا اجلاس ایام عزا اور مشترکہ لائحہ عمل کے عنوان سے امام بارگاہ مہاجرین و سادات چکوال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی و تحصیل کمیٹیوں کے ممبران اور تمام کمیٹیوں کے کوارڈینیٹرز نے شرکت کی۔ ملت جعفریہ ضلع چکوال کی تمام قومی و ملی تنظیموں، ماتمی انجمنوں، بانیان جلوس و مجالس عزا کے نمائندہ فورم میں شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت المسلمین، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندگان، امن کمیٹیوں کے ممبران، وکلاء، ماتمی انجمنوں کے سربراہان اور بانیان مجالس سمیت علماء کرام نے شرکت کی۔

اجلاس میں قرار پایا کہ محرم الحرام میں آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر عزاداری امام حسینؑ پر کسی قسم کی پابندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، امام بارگاہ اور گھر کی چاردیواری میں ماتم داری اور مجالس کے انعقاد کیلئے پولیس یا انتظامیہ سے کسی قسم کی اجازت کی ضرورت نہیں، کیونکہ آئین و قانون، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں اپنی عبادت گاہ اور گھر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنا بذات خود ایک جرم ہے اور عبادت میں رکاوٹ ڈالنے والوں پر مقدمہ دائر کیا جانا چاہیئے۔

اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کیلئے انتظامیہ سے قانون کے دائرے میں تعاون پر زور دیا گیا اور متقفہ طور پر بعض مقامات پر مقامی تھانے کے ایس ایچ اوز صاحبان کیطرف سے عزاداروں اور بانیان جلوس و مجلس کے ساتھ بدتمیزی اور خلاف قانون رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسکا نوٹس لیتے ہوئے تھانوں کے ذمہ داران کو قانون کے تحت مہذب رویہ اپنانے کا پابند بنائیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عزاداروں پر پابندیاں عائد کرنے کی بجائے فرقہ پرستوں اور کالعدم جماعتوں کے نمائندگان کو قانون کے تحت پابند کیا جائے، ملت جعفریہ نے ہمیشہ قانون کی پاسداری پر زور دیا ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شیعہ رہبر کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ضلع چکوال میں اہل تشیع کے آئینی حقوق اور عزداری سید الشھدا ؑ کے تحفظ کیلئے قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button