پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ملک بھر میں چہلم امام حسینؑ کے جلوس بخیریت اختتام پذیر

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک بھر میں چہلم امام حسینؑ کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرنے کے بعد بخیریت اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں امام بارگاہ الف شاہ سے نکلنے والا چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کا مرکزی شبیہہ تعزیہ کا جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگیا۔ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ الف شاہ اکبری گیٹ سے صبح دس بجے برآمد ہوا۔ علامہ جواد مشہدی نے شہداء کربلا کے فضائل و مصائب بیان کئے جس کے بعد شبیہہ تعزیہ کا جلوس اپنے روایتی راستوں کی طرف رواں دواں رہا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا وزیر خان مسجد، خرادی محلہ، چوک نواب صاحب اور کوتوالی چوک پہنچا جس کے بعد کوتوالی چوک میں نماز ظہرین ادا کی گئی۔ جلوس کوتوالی چول سے کشمیری بازار، سنہری مسجد، اور رنگ محل سے ہوتا ہوا پانی والا تالاب، ٹیکسالی چوک سے بھاٹی گیٹ کی طرف آیا۔ جلوس کے پورے راستے عزاداروں کیلئے سبیلیں اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ لبیک یاحسینؑ کی صدائوں میں جلوس اپنے راستے پر رواں دواں رہا اور رات گیارہ بجے کربلا گامے شاہ آکر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات تھے جبکہ واپڈا، ضلعی انتظامیہ، واسا سمیت دیگر شعبوں کے انتظامات بھی مکمل تھے۔

کراچی میں پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیرانتظام چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پر اختتام پذير ہوگیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔بوتراب اسکاؤٹس کی زیر قیادت نشتر پارک سے برآمد ہونے والا چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے۔ قبل ازیں جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پہنچا، جہاں باجماعت نماز ظہرین دوران مرکزی جلوس امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام دو بجے مزار قائد کے VIP گیٹ کے سامنے مولانا سید احمد اقبال رضوی کی زیر اقتدا ادا کی گئی۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداءؑ نے شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل اور انکے حواریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کئے۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

اس ہی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بر آمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔

چہلم امام حسینؑ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیئے گئے تھے کچھ شہروں میں انتظامیہ کے درخواست پر پاک فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button