شہری اور صوبائی حکومت کی آپسی لڑائی میں کراچی کی عوام پس رہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریتری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کراچی کی شہری اور صوبائی حکومت کی آپسی لڑائی میںشہر کی عوام پس رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وحدت ہاؤس انچولی میں کراچی ڈویژن کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہشہر قائد میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پاکستانی معیشت کی شہ رگ اورسب سے بڑے شہر کی عوام طرح طرح کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے۔
علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور یہاں کے باسیوں کے ساتھ ملک کی تمام جماعتیں سوتیلا سلوک کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں مختلف عوامی مقامات پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے خطرناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ علامہ باقر زیدی نے کہا کہ اس گھمبیر صورتحال کی اصل وجہ روزانہ کی بنیادوں پر کچرے کا نا اٹھنا اور ہفتوں تک اس کا پڑے رہنا ہے جس سےبیماریاں پھیلنا معمول بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی شہری اور صوبائی حکومت کی آپسی لڑائی میں کراچی کی عوام پس رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے مسائل پر خصوصی توجہ کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔
علامہ باقرزیدی نے کراچی میں نرسنگ اسٹاف کی ریلی پر بہیمانہ تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ خواتین پر واٹر کینین کا استعمال کر کے ان کی بے حرمتی کی گئی۔ عوامی جماعت کہلانے والی پی پی پی سے عوامی احتجاج برداشت نہیں ہوا۔گرفتار مظاہرین کو فوری طورپر رہا کیا جائے نرسنگ اسٹاف اس قوم کی مائیں بیٹیاں ہیں ان کے جائز مطالبات منظور کئے جائیں۔