آئی ایس او کے سالانہ طلوع فجر کنونشن کے انتظامات کیلئے جائزہ اجلاس، مرکزی صدر کو بریفنگ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں تنظیم کے مرکزی صدر علی مہدی کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی کابینہ کے تمام عہدیدران نے شرکت کی۔ مرکزی جنرل سیکرٹری تعلیم ضمیر جعفری نے سالانہ طلوع فجر تعلیمی کنونشن کے انتظامی امور و دیگر تیاریوں کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی اہم جامعات کے طلباء کو تعلیمی کنونشن میں مدعو کیا گیا ہے، کنونشن میں سینکڑوں طلباء شریک ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 3 روزہ تعلیمی کنونشن کا آغاز 15 اپریل سے لاہور میں ہوگا جس میں معروف ماہرین تعلیم شریک ہونگے۔ کنونشن میں کیرئیر گائیڈنس، لرننگ سکلز، ہائر ایجوکیشن، کمیونیکشن سکلز، تعلیمی اداروں میں استعماری سازشیں کے موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان میں طلبا کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہے، تعلیم و تربیت ہی آئی ایس او کی بنیادی و اولین ترجیحات میں شامل ہے، تنظیم کے تحت ملک بھر میں سی ایس ایس سیمینارز، پری بورڈ امتحانات اور آئی ایس او کے تعلیمی کنونشن سمیت کیریئر گائیڈنس سیمینارز کا انعقاد طلبہ کی علمی میدان میں رہنمائی کے ذریعہ ہیں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس میں ملک گیر ناصران مہدی ورکشاپ سمیت دیگر موضوعات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی، نائب صدر سرفراز نقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات اصغر مہدی، زکی عباس، رضا اور احسن نقوی سمیت دیگر مرکزی عہدیدران نے شرکت کی۔