مجلس وحدت مسلمین کراچی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مظلومین کشمیر و شھدائے پاک فوج سے اظہار یکجتی کی مناسبت سے چراغاں کے پروگرام میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئےمظلوم کشمیری عوام اور پاک فوج کے شھداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں
زرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اجتماعات منعقد کئے گئے، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی پروگرام گرومندر چورنگی پر منعقد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، دانشور حضرات اور محب وطن پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر سمیت کراچی میں بھی 15اگست کا دن یوم سیاہ اور مظلومین کشمیر سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا،اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے کراچی کے قلب میں واقع گرومندر چورنگی پر یوم یکجہتی کشمیر کا پروگرام منعقد کیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، جعفریہ الائنس کے شبر رضا، اہلِ سنت عالم دین مقصود عالم ہمایوں، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، ڈپٹی سیکریٹری علامہ مبشر حسن، مولانا ملک عباس، مولانا فدا حسین منتظری، ناصر حسینی، ارشد اللہ مکتبی، حسن رضا، رضوان پنجوانی سمیت دیگر رہنماؤں و کارکنا ن اور درجنوں لوگوں نے شرکت کی۔
چراغاں کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کی آزادی کو سلب نہیں کر سکتی، عالمی برادری کشمیری مسلمانوں پر جاری بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد مسلم ریاستیں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے جبر پر مجرمانہ انداز میں خاموش ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماء اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک میں ہم انکے شانہ بشانہ ہیں، کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ شرکاء نے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ پروگرام کے اختتام پر کشمیری اور پاکستانی افواج کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔