
متحدہ علماء محاذ کا ایرانی صدر کی رفقاء سمیت شہادت پر گہرے رنج و غم و تعزیت کا اظہار
شیعہ نیوز: متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل تمام مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ بشمول بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین و دیگر نے اسلامی جمہوری ایران کے صدر آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر، تبریز کے امام جمعہ و دیگر رفقاء کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم و دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید ابراہیم رئیسی وحدت امت اور حمایت فلسطین کے عظیم رہنما تھے، جو امریکا، اسرائیل و استعماری قوتوں کے خلاف مسلم ممالک میں بیداری اور وحدت امت کیلئے سرگرم عمل تھے۔ علماء کرام نے کہا کہ متحدہ علماء محاذ پاکستان و پاکستانی عوام اس قیامت خیز مشکل گھڑی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، کراچی میں متعین قونصل جنرل ایران حسن نوریان سمیت ایرانی حکومت، عوام اور سانحہ میں جاں بحق ہونے والے تمام مرحومین کے اہل خانہ، پسماندگان و متعلقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں تعزیت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔