آپریشن ضرب عضب میں اب تک 570 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں، آئی ایس پی آر
شیعہ نیوز (راولپنڈی) آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران خودکش حملہ آوروں کے متعدد تربیتی مراکز تباہ کئے گئے، اور اب تک 570 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ دہشت گردوں کی 98 پناہ گاہیں اور 30 بارود بنانے والی فیکٹریاں پکڑی گئیں۔ اتوار کو جاری کردہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے 34 جوان شہید ہوئے ہیں، جبکہ آپریشن اہداف کے مطابق پیش رفت جاری ہے، میران شاہ، بویا اور دیگان کو کلیئر کرا لیا گیا، جبکہ میر علی اور مضافات کے 70فیصد علاقے کو بھی کلیئر کرا لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ میر علی اور نواحی علاقوں میں گھر گھر سرچ آپریشن جاری ہے اور اسلحہ و بارود بنانے والی 2بڑی فیکٹریاں بھی پکڑی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بارود اور کیمیکل سے بھرے 30 بیرل بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ بویا سے 5 ہزار کلو وزنی بارودی سرنگ برآمد کی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز کے ماہر انجینئرز نے بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی ہے۔