جے ڈی سی کی جانب سے پاکستان کی سب سے بڑی قربانی برائے مستحقین کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کےایک بڑے فلاحی ادارے جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سےسالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی غرباء و مساکین میں گوشت کی تقسیم کیلئے بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی برائے مستحقین کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینکڑوں اونٹ، گائے، بیل، بکرے اور دنبے قربان کئے گئے، عید الاضحیٰ کے دوسرے اور تیسرے روز کی جانے والی اجتماعی قربانی کا ہزاروں ٹن گوشت غرباء و مساکین اور دیگر مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔
اجتماعی قربانی کی تقریب میں شہر بھر سے پاکستان کے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز و جید علمائے کرام، سیاسی و سماجی رہنما اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں مولانا شیخ محمد حسن، مولانا منظرالحق تھانوی، قاری اللہ داد، مولانا آزاد جمیل، مولانا قاضی احمد نورانی، مولانا سلیم اللہ ترکی، مولانا فیصل عزیزی بندگی، ٹی وی آرٹسٹ شکیل صدیقی، سینئر سیاستدان ڈاکٹر فاروق ستار، سماجی رہنما اسد حنیف و دیگر شخصیات کے نام شامل ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مستحقین میں قربانی کے گوشت کی تقسیم
اس موقع پر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے سربراہ ظفر عباس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ظفر عباس جیسے نوجوان ہی اس ملک کا بہترین اثاثہ ہیں، جے ڈی سی نے مختصر عرصے میں جو فلاحی کام انجام دیئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔